اسدالدین اویسی نے بہارکے سیمانچل کی صورتحال سے ایوان کو کیاآگاہ
نئی دہلی، 28؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )لوک سبھا میں آج ارکان نے ملک کے مختلف حصوں میں آئے سیلاب کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے فوری راحت اور بچاؤ کے کاموں کو تیزی سے آگے بڑھانے کامطالبہ کیا ۔وقفہ صفر کے دوران بی جے پی کے ددن مشرا نے سیلاب کی وجہ سے پیدا ہوئی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال بارش کے بعد نیپال سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے شراوستی، بلرام پورسمیت مشرقی اتر پردیش میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار بھی سیلاب کی وجہ سے لوگ سنگین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔گاؤں کا گاؤں ڈوب ہو گیا ہے، لوگ پریشان ہیں ، اس صورت حال پر توجہ دی جائے اور لوگوں کو راحت فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے۔مشرا نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کودوائیں ، خوراک وغیرہ فراہم کرنے کے ساتھ جانوروں کے لیے چارہ کا انتظام بھی کیا جائے۔اے آئی ایم آئی ایم کے اسدالدین اویسی نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کشن گنج سمیت سیمانچل کے چار اضلاع سنگین صورت حال کاسامنا کر رہے ہیں، ہزاروں کی تعداد میں لوگ کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔انہیں ادویات نہیں مل رہی ہیں ، کوئی راحت کام نہیں چلایاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیمانچل کے لوگوں کے ساتھ سنگین ناانصافی ہو رہی ہے۔ریاستی اور مرکزی دونوں حکومتیں توجہ نہیں دے رہی ہیں، ایسے میں مرکزی حکومت ایک ٹیم بھیجے اور لوگوں کی پریشانیاں دور کرنے کی پہل کرے۔اویسی نے علاقے کے متاثرہ لوگوں کو اقتصادی مدد دینے کا بندوبست کرنے کی بھی حکومت سے اپیل کی ۔